بچے لائے انوکھی تتلی اور نرالے پھول
بچے لائے انوکھی تتلی اور نرالے پھول
خوشبو دینے والی تتلی اڑنے والے پھول
جس دن گلشن میں نفرت کی آندھی چلتی ہے
شاخوں پر اگنے لگتے ہیں کالے کالے پھول
اس کے پیروں میں کانٹے تھے چھالے ہاتھوں میں
اوپر سے پریوں نے اس بچے پر ڈالے پھول
ہمرا اور ثمرہ نے سالگرہ پر ایمن کی
خوب چھڑائی آتش بازی خوب اچھالے پھول
میری گود میں پوتی ہے تو پوتا کندھے پر
جیسے جھلمل جھلمل جگنو بھولے بھالے پھول
لفظوں کے اس جادوگر کے پیارے پیارے شعر
انگارے دامن میں رکھے اور نکالے پھول