آم ہے اور آم ہے
چھٹیاں ہیں میں ہوں میٹھا آم ہے
اور اب میرا بھلا کیا کام ہے
مینگو کھانا اور پینا ملک شیک
شغل اب اپنا یہ صبح و شام ہے
گرمیاں ہیں گرمیاں ہیں گرمیاں
آم ہے اور آم ہے اور آم ہے
ناشتہ کھانا ڈنر یا لنچ ہو
آم کے موسم میں نذر آم ہے
میں نہیں چھوڑوں گا اب لنگڑے کی ٹانگ
چوس لوں گا چوسا ایسا آم ہے
آم کہتا ہے جسے سارا جہاں
غالباً جنت کے پھل کا نام ہے
اس کی قوت کا بھلا کیا پوچھنا
فوق صدہا پستہ و بادام ہے
شوق جس کو آم کھانے کا نہیں
ذوق میں وہ ہم سر انعام ہے
سب پھلوں کا جب تقابل ہو اثرؔ
آم ہی بس قابل انعام ہے