طوفانی حالات بھی دیکھو

طوفانی حالات بھی دیکھو
ڈال سے ٹوٹے پات بھی دیکھو


مجھ پر فتوے گڑھنے والو
خود اپنی حرکات بھی دیکھو


خواب سے عاری ان آنکھوں میں
اشکوں کی بہتات بھی دیکھو


دیکھ رہے ہو صرف بغاوت
لڑکی کے صدمات بھی دیکھو


خواب ہمارے دیکھنے والو
تم اپنی اوقات بھی دیکھو