تاروں سے

ننھے ننھے پیارے پیارے
چم چم ٹم ٹم نیارے نیارے
ہلکے پھلکے نور کے دھارے
نیل گگن کے راج دلارے
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے
آؤ آؤ چھت پر آؤ
آ نہ سکو تو ہاتھ بڑھاؤ
دودھ ملیدہ کھاؤ کھلاؤ
دن میں کہاں چھپتے ہو بتاؤ
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے
کونے میں وہ میری چھڑی ہے
اور یہ دس پیسے کی گھڑی ہے
گیند ہماری کتنی بڑی ہے
کھیلنے کو ہر چیز پڑی ہے
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے
میں ہوں پڑا خاک کے گھر میں
تم ہو بسے آکاش نگر میں
لاکھ ہو دوری بیچ ڈگر میں
کچھ بھی نہیں وہ میری نظر میں
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے
رات میں کیوں آتے ہو
دن میں کہاں چھپ جاتے ہو
اپنے گھر کیا کیا کھاتے ہو
نور کہاں سے پاتے ہو
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے
تم کو ہوگی معلومات
مجھ کو بتا دو اتنی بات
کیا ہے دن اور کیا ہے رات
جاڑا گرمی اور برسات
جگ مگ جگ مگ جگ مگ تارے
آ جاؤ تم گھر جو ہمارے
تم ہو ہمارے ہم ہوں تمہارے