شراب شوق سیں سرشار ہیں ہم

شراب شوق سیں سرشار ہیں ہم
کبھو بے خود کبھو ہشیار ہیں ہم


دو رنگی سوں تری اے سرو رعنا
کبھو راضی کبھو بیزار ہیں ہم


ترے تسخیر کرنے میں سریجن
کبھی ناداں کبھی عیار ہیں ہم


صنم تیرے نین کی آرزو میں
کبھو سالم کبھی بیمار ہیں ہم


ولیؔ وصل و جدائی سوں سجن کی
کبھو صحرا کبھو گل زار ہیں ہم