شناخت کا مینار
بھورے رنگ کے کتوں کی ہڑبونگ نے
فضا پر وحشت طاری کر دی ہے
ان کی بھوک اتنی شدید ہے
کہ وہ
صرف مخصوص قسم کی ہڈیوں کا گودا
سونگھ سونگھ کر تلاش رہے ہیں
اب تو کالے کتے بھی
برسوں کی نیند سے جاگ اٹھے ہیں
اور وہ بھی
ان بھورے کتوں کی تلاش کے مددگار بن رہے ہیں
ماحول پر وحشت کی دھند چھائی ہوئی ہے
یہ وحشت اتنی خوفناک ہے
کہ
جنگلی درندے بھی اپنی خصلت بھول گئے ہیں
اور اس دھند میں
سفید خرگوش
اپنی بقا کی خاطر بھورے اور کالے کتوں کی ہڑبونگ
کی وحشت سے
اتنے ہراساں ہو رہے ہیں
کہ
کہیں کہیں پر وہ اپنی کھال کی رنگت تک
چھپانے کے لئے مجبور ہو رہے ہیں
سفید خرگوشوں کا ایک اور بھی مسئلہ ہے کہ
وہ کبھی کبھی اپنی ہی کھال کو
اپنے ہی دانتوں سے کترنے میں لگ جاتے ہیں
جس کی وجہ سے
ان کی شناخت کی پہچان
کتوں کے لئے
آسان ہو جاتی ہے
لیکن اگر انہیں
اپنی یکساں شناخت کا
احساس ہو جائے
تو
یہ بھورے اور کالے کتے
پھر اپنی بھوک کو بھول کر
اپنی مشکوک شناخت کو بچانے
کے لئے پریشاں ہو جائیں گے
لیکن
کیا سفید خرگوش کبھی
اپنی شناخت کا مینار تعمیر کر پائیں گے