قائد اعظم پر مستند کتب

پرسوں  پچیس دسمبر تھا  اور  قائد اعظم  محمد علی جناح کا یوم پیدائش  تھا ۔ سوچ رہا تھا کہ قائد اعظم  پر تحریر لکھوں۔ میں نے قلم اٹھایا  تو سوچ میں پڑ گیا کہ کیا لکھوں؟ حقیقت بات ہے، مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ  محمد علی جناح کون   ہیں؟  کیوں کہتے ہیں  انہیں قائد اعظم؟ سنی سنائی باتیں ہیں بس، کچھ ادھر سے کچھ اُدھر سے۔ کچھ دائیں سے کچھ بائیں سے۔ کوئی کہتا ہے محمد علی یہ  تھے اس لیے قائد اعظم   ہیں، کوئی کہتا ہے نہیں یوں تھا اس لیے قائد اعظم  ہیں۔

دھند ہے بس!  جس میں گیارہ اگست کی تقریر پر دنگے ہیں،  نظریات کے جھمیلے ہیں اور افواہوں،   الزاموں،  تہمتوں  کے بگولے ہیں۔  پتہ ہی نہیں چلتا کہ محمد علی جناح ہے کون؟ بس فیصلہ کر لیا ہے کہ خود ڈھونڈوں گا محمد  علی جناح؟ خود  پتہ چلاؤں گا، کیوں  ہیں وہ قائد اعظم؟  کسی کو اپنی عینک نہیں لگانے دوں گا؟ مجھے اپنی آنکھیں بہت عزیز ہیں۔ اگلے پچیس دسمبر سے پہلے سب پتہ چلا لوں گا۔ نیچے بتا رہا ہوں کہاں سے  ملیں گے قائد اعظم۔  آپ بھی پڑھیے اور میں بھی پڑھوں گا۔ پھر ہمیں کوئی قائد اعظم کے نام پر  بےوقوف نہیں بنا پائے گا۔

1۔ میرا بھائی ، مصنفہ: محترمہ فاطمہ جناح

             آپ شاید جانتے ہوں گے کہ "میرا بھائی"  وہ کتاب ہے جسے قائد اعظم کی ہمشیرہ ، مادر ملت  محترمہ فاطمہ جناح نے لکھا۔   اسے 1987 میں قائد اعظم لائبریری نے  انگریزی میں  مائی برادر کے عنوان سے شائع کیا۔  کہا جاتا ہے کہ اس کتاب کو سینسر کیا گیا ہے۔ لیکن یہ  بھی کہا جاتا ہے کہ جو کچھ سینسر کیا گیا وہ قدرت اللہ شہاب نے لکھ دیا۔ پتہ نہیں۔   دونوں میں سے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ آپ پڑھ کر بتائیے گا کہ کیا  ایسا ہے  یا نہیں؟ میں منتظر رہوں گا۔

2- جناح آف پاکستان، مصنف: سٹینلی ولپرٹ (Jinnah of Pakistan by   Stanley Wolpert):

            پروفیسر ولپرٹ  کیلیفورنیا  یونی ورسٹی کے پروفیسر تھے۔ انہوں نے قائد اعظم  کی مکمل سوانح عمری لکھی، جسے متعدد بار آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شائع کیا۔ پروفیسر صاحب جنوبی ایشیا کی  سیاست و تاریخ پر ایک ماہر سمجھے جاتے تھے۔ 2019 میں وہ ہمارے درمیان سے چلے گئے۔ لیکن جانے سے پہلے انہوں نے قائد اعظم کے ساتھ ساتھ نہرو اور گاندھی کی سوانح بھی لکھی۔ سب پڑھیے گا۔ میں بھی کوشش کروں گا۔

 

3۔   رتی جناح، دا سٹوری ٹولڈ اینڈ ان ٹولڈ، مصنف: خواجہ رضی حیدر (Ruttie Jinnah, The Story Told and Untold by Khawaja Razi Haidar)

            خواجہ رضی حیدر مشہور شاعر اور کالم نگار ہیں۔  انہوں نے اس کتاب میں محمد علی جناح  کی ذاتی زندگی ، اور  خاص طور پر  دوسری ازدواجی  زندگی سے پردہ اٹھایا ہے۔ ان کی اس کتاب کو کراچی یونیورسٹی کے  پاکستان اسٹڈی سینٹر نے شائع کیا ہے۔

4۔ صفدر محمود کی کتب اور کالم:

            جناب صفدر محمود، مایہ ناز تاریخ دان  ، کالم نگار اور بیورو کریٹ تھے۔ اسی سال ستمبر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے درجن بھر  کتب پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے تحریر کیں۔ اپنی کتب میں انہوں نے قائد اعظم  کی شخصیت کو مختلف زاویوں سے جانچا ہے۔  بہت ضخیم ہیں ان کی کتب۔

 

5۔  دا سول سپوکس مین، مصنفہ: عائشہ جلال  (The Sole Spokesman by Ayesha Jalal)

                        عائشہ جلال  امریکہ میں مقیم پاکستانی تاریخ دان ہیں۔ عائشہ ، اردو کے معروف مصنف سعادت حسن منٹو کی اہلیہ کی بھانجی ہیں۔ انہوں نے قائد اعظم کی شخصیت پر  خاصی تحقیق کی ہے اور اپنی تحقیق کے بعد قائد اعظم کے بارے میں بڑے دلچسب نتیجے پر پہنچی ہیں۔  پڑھیے گا اور  بتائیے گا کہ  وہ کیا نتیجہ ہے۔  ان کی اس کتاب کو کیمبرج یونیورسٹی پریس نے  شائع کیا ہے۔

6۔ قائد اعظم پر حکومت پاکستان کا بلاگ:

            حکومت پاکستان نے بھی بڑے سادہ انداز میں محمد علی جناح پر بلاگ تحریر کیا ہے۔ آپ اسے نیچے دیے گئے لنک پر جا کر پڑھ سکتے ہیں۔

https://pakistan.gov.pk/Quaid/about.html

متعلقہ عنوانات