ننھی عذرا کی امی سے شکایت

اے امی جان آئی ہوں تیرے حضور آج
اک بات ہے جسے میں کہوں گی ضرور آج


یہ بات سوچ سوچ کے روتی رہی ہوں میں
اور ہار آنسوؤں کے پروتی رہی ہوں میں


باجی مجھے شریر کہے بار بار کیوں
ابا سے اور آپ سے پڑتی ہے مار کیوں


اک بات پوچھنی ہے اگر کہیے پوچھ لوں
امی مجھے شریر سمجھتی ہیں آپ کیوں


ننھی کا لڈو میں نے چرایا تو کیا ہوا
کھانے ہی کے لیے تھا جو کھایا تو کیا ہوا


اس بات پر بتائیے بگڑی ہیں آپ کیوں
اور کر کے لال آنکھیں جھڑکتی ہیں آپ کیوں