منے کی ناؤ
دادی کے پاس آ کے منے لگا یہ کہنے
دیکھو تو پیاری دادی کیا ہے بنایا میں نے
کاغذ وہ ریشمیں جو تم نے دیا تھا دادی
یہ دیکھو میں اس کی اک ناؤ ہے بنا دی
لیکن بتاؤ مجھ کو کیسے اسے چلاؤں
تالاب یا ندی یا نالہ کہاں سے لاؤں
ہنس کر یہ بولیں دادی ٹھہرو ذرا سا بیٹا
لاؤ کچن سے جا کر تسلا جو ہے بڑا سا
تسلے میں بھر کے پانی منے سے بولیں دادی
لو دیکھ لو گھر میں میں نے ندی بنا دی
چھوٹی سی اس ندی میں ناؤ جو چل رہی تھی
منے بھی ہنس رہا تھا منی بھی ہنس رہی تھی
دادی بھی تھیں بہت خوش بچوں کی اس خوشی سے
دیتی تھیں وہ دعائیں بچوں کو جان و جی سے