مجھے پہلے تو لگتا تھا کہ ذاتی مسئلہ ہے
مجھے پہلے تو لگتا تھا کہ ذاتی مسئلہ ہے
میں پھر سمجھا محبت کائناتی مسئلہ ہے
پرندے قید ہیں تم چہچہاہٹ چاہتے ہو
تمہیں تو اچھا خاصا نفسیاتی مسئلہ ہے
ہمیں تھوڑا جنوں درکار ہے تھوڑا سکوں بھی
ہماری نسل میں اک جینیاتی مسئلہ ہے
بڑی مشکل ہے بنتے سلسلوں میں یہ توقف
ہمارے رابطوں کی بے ثباتی مسئلہ ہے
وہ کہتے ہیں کہ جو ہوگا وہ آگے جا کے ہوگا
تو یہ دنیا بھی کوئی تجرباتی مسئلہ ہے
ہمارا وصل بھی تھا اتفاقی مسئلہ تھا
ہمارا ہجر بھی ہے حادثاتی مسئلہ ہے