مغنیوں کو بلاؤ کہ نیند آ جائے

مغنیوں کو بلاؤ کہ نیند آ جائے
کہو وہ گیت سناؤ کہ نیند آ جائے


چلے بھی آؤ مرے جیتے جی اب اتنا بھی
نہ انتظار بڑھاؤ کہ نیند آ جائے


چراغ عمر گذشتہ بجھا دیا کس نے
وہی چراغ جلاؤ کہ نیند آ جائے


حقیقتوں نے تو کھل کھل کے نیند اڑا دی ہے
نئے طلسم بناؤ کہ نیند آ جائے


سکوں نصیبو ادھر آؤ اور کوئی تدبیر
ذرا ہمیں بھی بتاؤ کہ نیند آ جائے


بڑی طویل ہے محشرؔ کسی کے ہجر کی بات
کوئی غزل ہی سناؤ کہ نیند آ جائے