لاس ویگس میں ٹیکنالوجی کا میلہ

          پچھلی نصف صدی سے  امریکہ میں ایک بڑا ٹیکنالوجی کا سالانہ میلہ سج رہا ہے۔  اسے کنزیومر الیکٹرونک شو کے نام سے کنزیومر ٹیکنالوجی   ایسوسی ایشن  ہر سال سجاتی ہے۔ دنیا بھر سے کمپنیاں آتی ہیں اور  صارفین کے لیے   جدید ترین ٹیکنالوجی نمائش پر لگاتی ہیں۔ کبھی اس نمائش میں وی سی آر، بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی،  ٹرانزسٹرز،  ریڈیو وغیرہ   بطور جدید ترین ٹیکنالوجی لگے تھے۔ آہ کہ نصف صدی ہی گزری     تو سب قصہ پارینہ ہو چکے۔ انسان کی ترقی کی رفتاردیکھیے۔

خیر  نیویارک کی  فضاؤں میں پہلی بار 1967 میں  یہ نمائش جون کی گرمی میں سجی تھی۔ پھر  1978 سے 1994  تک سال میں دو بار لاس ویگس اور واشنگٹن  میں سجتی رہی۔ آخر کار شکاگو والی نمائش تو بند ہو گئی لیکن لاس ویگس کی نمائش آج تک پورے آب و تاب سے جاری ہے۔ گوگل، سیمسنگ، ایپل، ایمازون سمیت دنیا کی  ہزاروں کمپنیاں اس میں شرکت کرتی ہیں۔ جنوری 2019 میں ہونے والی نمائش  میں ایک لاکھ اسی ہزار افراد اسے دیکھنے آئے۔ 2020 میں کرونا کے باعث اسے آن لائن ہی منعقد کرنا پڑا۔ اس بار  بہر حال  یہ لاس ویگس کی ٹھنڈی فضاؤں میں جنوری کی پانچ تاریخ سے آٹھ تک  باقاعدہ منعقد ہو رہی ہے۔

          کنزیومر الیکٹرونک شو کی ادارہ جاتی ویبسائٹ کے مطابق اس  دفعہ کی نمائش میں شرکت کے لیے 2100 سے زائد کمپنیاں رجسٹر کر چکی ہیں، اور مزید بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔  ان میں سونی، سیمسنگ، پیناسونک سمیت کئی کمپنیاں ایسی ہیں  جو فورچون 500 میں شامل ہیں اور اپنی جدید ترین  مصنوعات نمائش کے لیے پیش کرنے جا رہی ہیں۔ یہ تمام وہ ٹیکنالوجیز ہوں گی جو مستقبل قریب بلکہ انتہائی قریب  میں ہماری زندگیوں  پر اثر انداز ہو رہی ہوں گی۔ ان میں بلوک چین، مصنوعی ذہانت، خود کار آلات، روبوٹس،  جدید ترین صوتی آلات،  کلاؤڈ کمپیوٹنگ ورچوئل ریالیٹی کی مصنوعات سمیت کئی جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

          ٹیکنالوجی کی دنیا   کے  بڑے بڑے کھلاڑیوں کی حالیہ  سرگرمیاں اور دلچسپیاں ظاہر  کر رہی ہیں کہ اس نمائش میں وہ اپنی خاص مصنوعات پیش کرنے جا رہے ہیں۔  جیسا کہ توقع ہے کہ ایل  جی اپنے حرکت کرنے والے ٹی وی اور اپنے گیمنگ لیپ ٹاپ  نمائش پر لگائے گا، اسی طرح سیم سونگ  متوقع طور پر پہلی بار شیف بوٹس،  بال ربوٹس اور  4k اور 8k کے کیو ایل ای ڈی ٹی وی  کے ساتھ ساتھ نئے متوسط اور مہنگے درجے کے موبائل فون ماڈلز نمائش کے لیے لائے گا۔ انٹیل اسی طرح اپنی جدید ترین کمپیوٹر چپس پیش کرے گا۔ ان سب چیزوں کے ساتھ ساتھ توقع ہے کہ نمائش میں مختلف کمپنیوں کے جدید ترین ڈرونز بھی ہمیں دیکھنے کو ملیں گے۔

          5 جنوری کو نمائش کے افتتاح سے پہلے ہمیں ہر سال کی طرح دو دن یعنی 3 اور 4 جنوری کو تمام بڑی بڑی کمپنیوں کی طرف سے پریس کانفرنسز دیکھنے کو ملیں گی۔   ان کے ذریعے کمپنیوں کے آئیندہ منصوبوں اور حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کو خوب ملے گا۔ نمائش کے دوران ٹیکنالوجی کانفرنس کا بھی انتظام ہے، جس میں ٹیکنالوجی ماہرین کی تحقیقات پر    مقالے اور بدلتی دنیا میں آتے مسائل پر مباحث بھی سننے کو ملیں گے۔  کنزیومر الیکٹرونک شو کے منتظمین نے مختلف پوڈ کاسٹ پلیٹ فارمز جیسا کہ سپوڈیفائی اور گوگل پلے وغیرہ  پر چینلز بھی بنا رکھے ہیں۔ ان پر نمائش سے متعلقہ ماہرین کی خوب پوڈکاسٹ سننے کو مل سکتی ہیں۔  آپ ان چینلز کے لنکس CES  کی ادارہ جاتی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔

          کنزیومر الیکٹرونک شو 2022،   نئے قسم کے کرونا یعنی اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے دوران ہونے جا رہا ہے۔ اس کے منتظمین کو خاصے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ اومیکرون کی وجہ سے ہی ایمازون، فیس بک، ٹیوٹر  جیسے ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے ناموں نے شرکت سے بھی انکار کیا ہے۔   لیکن امید ہے کہ سب مشکلات کے باوجود یہ شو خاصا دل چسپ  رہے گا۔

سورس لنکس:

https://www.bbc.com/news/technology-59756383

http://https://www.techradar.com/news/ces-2022

متعلقہ عنوانات