کچا رشتہ

ماں جی
بارش کے آنے سے پہلے ہی
ہم چاروں پانچوں بھائی مل کر
اپنے ہاتھوں
اپنے گھر کو لیپا پوتا کرتے ہیں
ماں جی
ہلکی ہلکی بوندا باندی ہی سے
اپنے گھر کی چھت سے پانی رسنے لگتا ہے
اور آندھی آنے سے پہلے ہی
اپنے گھر کی دیواریں ہلنے لگتی ہیں
ماں جی
گوبر چکنی مٹی اور پانی
ان تینوں میں
کون سا رشتہ کچا ہے