جسم کے مرتبان سے آگے

جسم کے مرتبان سے آگے
ذائقے سے زبان سے آگے


تیر سارے کمان سے آگے
اک خلش اور جان سے آگے


اک پرندہ لہو میں تر گویا
اک تصور اڑان سے آگے


ایک بستی یقیں فروشوں کی
اک علاقہ گمان سے آگے


ایک فریاد نارسائی کی
اک زمین آسمان سے آگے


اک سفر اور ہے تہ گرداب
اک جنوں بادبان سے آگے


ایک خورشیدؔ کی شہادت پر
شہر ظلمت بیان سے آگے