جہاد
’’ہیلو کمانڈر۔۔۔ تم پر سلامتی ہو۔‘‘
’’ حضور آپ پر بھی۔‘‘
’’ کہاں ہو کمانڈر؟‘‘
’’ سر ابھی اوپر ہوں۔ مگر میرے آدمی نیچے جا چکے ہیں۔‘‘
’’انھیں واپس بلا لو۔‘‘
’’یہ آپ کیا فرما رہے ہیں؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ انھیں واپس بلا لو اور خود بھی آگے مت جاؤ۔‘‘
’’مگر حضور وہ تو اپنے ٹارگٹ کے قریب؟‘‘
’’وہ جہاں بھی ہیں انھیں فوراً واپس لے آؤ۔ انھیں مشن مکمل کرنے کا ثواب ملے گا۔‘‘
’’میں کوشش کرتا ہوں حضور۔۔۔ مگر ابو صالح بہت جوشیلا ہے۔ شہادت سے کم مرتبے پر راضی نہ ہو گا۔‘‘
’’اسے بشارت دوکہ اللہ نے ان کی شہادت قبول کر لی۔‘‘
’’ٹھیک ہے حضور۔ مگر جہاد؟‘‘
’’جہاد بند کرنے کا حکم آیا ہے۔‘‘
’’کہاں سے؟‘‘
’’اوپر سے۔‘‘
’’وحی کے ذریعے؟‘‘
’’نہیں، وائرلیس پر۔‘‘