جمہوریت زندہ باد
اپنے بھارت میں جو اجالا ہے
اسے جمہوریت نے ڈھالا ہے
یہ حقیقت ہے ساری دنیا سے
اپنا دستور بھی نرالا ہے
سب کو یکساں حقوق جس نے دیے
اس میں موجود سب حوالہ ہے
کیا ہی چھبیس جنوری کا یہ دن
عظمت و احتشام والا ہے
ہم سبھی احترام کرتے ہیں
آج کا دن بلند و بالا ہے
ہوتا جاتا ہے ملک پھر بھی بلند
لاکھ دنیا نے بیچ ڈالا ہے
جن کے گھر تھے کبھی اندھیروں میں
اب وہاں بھی بڑا اجالا ہے
یہ ہے جمہوریت کا ہی صدقہ
جس نے سورج نیا نکالا ہے
مسئلے وہ بھی جلد حل ہوں گے
آج جن مسئلوں سے پالا ہے
ہیں یہاں با کمال لوگ بہت
دیش کا جن سے بول بالا ہے
تجھ کو جمہوریت سلام مرا
تو محبت کا اک شوالہ ہے
اپنے ہندوستاں کو دیکھو موہیؔ
جس کی آغوش میں ہمالہ ہے