ہمارا سورج، ناسا کی آنکھ سے(ناسا ویب کے آرٹیکل کا اردو ترجمہ )

سورج ہمارے نظام شمسی کا  سب سے بڑا وجودہے۔  اس کی کشش ِثقل نظام شمسی کو ایک ساتھ باندھے رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ  بڑے  بڑے سیاروں سے لے کر چھوٹے چھوٹے  کومٹس  تک کو کشش ثقل سورج  کے گرد مدار میں گھماتی ہے۔ سورج کا سب سے گرم حصہ اس کا   مرکزہ ہے ، جہاں درجہ حرارت 27 ملین ڈگری فارن ہائیٹ (15 ملین ڈگری سینٹی گریڈ) ہے۔  بڑے بڑے دھماکوں سے لے کر مستقل چھوٹے چھوٹے چارجز کے متواتر اور مستقل اخراج تک سورج میں ہونے والی تمام سرگرمیاں نظام شمسی میں موجود قدرت کے تمام مظاہر پر اثر انداز ہوتی ہیں  ۔

ناسا اور دیگر بین الاقوامی خلائی ادارے  سورج پر نظر  پورے  خلائی بیڑے کے  ذریعے  رکھتے ہیں۔ اس کے ماحول سے لے کر اس کی سطح تک ہر چیز کا  مطالع دقیق نظری سے کیا جاتا ہے۔  یہاں تک کہ خاص آلات کا استعمال کرتے ہوئے سورج کے اندر  جھانکا جاتا ہے۔ آئیے اب ہم سورج کی معلومات کو ایک ایک کر کے دس نکات کی شکل میں دیکھتے ہیں۔

1۔ سورج زمین سے تقریبا  سو گنا اور  نظام شمسی کے سب سے  بڑے سیارے مشتری سے 10 گنا  بڑا ہے۔ اگر سورج ایک عام دروازے کی طرح لمبا ہوتا تو زمین ایک نکل کے سائز کی ہوتی۔

2۔ سورج ہمارے نظام شمسی کا واحد ستارہ ہے۔ یہ ہمارے نظام شمسی کا مرکز ہے اور اس کی کشش ثقل نظام شمسی کو ایک ساتھ رکھتی ہے۔ ہمارے نظام شمسی کی ہر چیز اس کے گرد گھومتی ہے  چاہے وہ  سیارے ہوں ،اسٹیرؤڈز   ،  دم دار ستارے  یا  خلا میں موجود خلائی ملبے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے۔

3۔ سورج پر "دن" کی پیمائش کرنا اس کے گھومنے  کے طریقہ کار کی وجہ سے پیچیدہ ہے۔ یہ کسی ایک ، ٹھوس گیند کے  طرح نہیں گھومتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سورج کی سطح زمین کی طرح ٹھوس نہیں ہے۔ اس کے بجائے ، سورج انتہائی گرم ، الیکٹرک چارجڈ  گیس سے بنا ہے جسے پلازما کہتے ہیں۔ یہ پلازما سورج کے مختلف حصوں پر مختلف رفتار سے گھومتا ہے۔ سورج کی خط استوا پر پلازما زمین کے پچیس دنوں میں ایک چکر پورا کرتا ہے جبکہ  اپنے قطبوں پر ، سورج ہر 36 زمین کے دنوں میں ایک بار اپنے محور پر  چکر پورا کرتا ہے۔

4۔ سورج کا وہ حصہ جسے ہم زمین سے دیکھتے ہیں ،وہ فوٹو اسپیئر ہے۔ سورج کی اصل میں کوئی ٹھوس سطح نہیں ہے کیونکہ یہ پلازما کی ایک گیند ہے۔

5۔ سورج کی سطح کے اوپر اس کا  باریک کروموسفیئر اور بہت بڑا کراؤن  (تاج) ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم  سولر پرومنینسز،  فلیئرز ، اور  بڑے پیمانے پر کرونل اخراج جیسی خصوصیات دیکھتے ہیں۔  فلیئرز اور کرونل اخراج، توانائی اور ذرات کے بڑے دھماکے ہیں جو زمین تک پہنچ سکتے ہیں۔

6۔ سورج کے چاند نہیں ہیں ، لیکن آٹھ سیاروں ، کم از کم پانچ   سیارچوں   ، دسیوں ہزار  اسٹروئیڈز  ، اور شاید تین کھرب  دم دار ستاروں اور برفیلے  اجسام  کو سورج کے  گرد چکر کاٹنا  ہوتا ہے۔

7۔ اس وقت کئی خلائی جہاز سورج کی تحقیقات کر رہے ہیں جن میں پارکر سولر پروب ، سٹیریو ، سولر آربیٹر ، ایس او ایچ او ، سولر ڈائنامکس آبزرویٹری ، ہینوڈ ، آئی آر آئی ایس اور ونڈ شامل ہیں۔

8۔ سورج اپنی تاریخ کے اوائل  میں ممکنہ طور پر گیس   اور گرد  سے گھرا تھا جب نظام شمسی پہلی بار 4.6 بلین سال پہلے تشکیل  پا رہا تھا۔ اس میں سے کچھ دھول آج بھی موجود ہے ۔

9۔ کچھ بھی سورج پر زندہ نہیں رہ سکتا ، لیکن اس کی توانائی زمین پر زندگی کے لیے ضروری ہے۔

10۔ سورج کے مرکز میں درجہ حرارت تقریبا 27 ملین ڈگری فارن ہائیٹ (15 ملین ڈگری سینٹی گریڈ) ہے  جو جوہری فیوژن کو برقرار رکھنے کے لئے کافی ہے۔  

(ناسا ویب کے آرٹیکل کا اردو  ترجمہ)