دو پیسے میں تین کھلونے

دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین
سادہ اور رنگین
یہ چینی کی گڑیا ہے
ایک طرف سے ننھی منی ایک طرف سے بڑھیا ہے
جیب میں یوں آ جاتی ہے یہ جیسے ذرا سی پڑیا ہے
سادہ اور رنگین
دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین
یہ مٹی کی گھوڑی ہے
اس کی مانگ بہت ہے لیکن اس کی قیمت تھوڑی ہے
ساتھ اگر گھوڑا بھی ہو تو سب سے اچھی جوڑی ہے
سادہ اور رنگین
دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین
یہ چھوٹی سی موٹر ہے
ٹلو آؤ پلو آؤ دیکھو کیسی موٹر ہے
سب سے بہتر سب سے پیاری سب سے اچھی موٹر ہے
سادہ اور رنگین
دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین
یہ چڑیا کا بچہ ہے
اس میں بالکل جان نہیں ہے جسم بھی کچھ کچھ کچا ہے
جھوٹ نہیں بولوں گا ہرگز میرا وعدہ سچا ہے
سادہ اور رنگین
دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین
یہ طوطے کا پنجرہ ہے
اک ننھا منا سا طوطا اس میں گم سم بیٹھا ہے
کچھ نہیں کھاتا کچھ نہیں پیتا یوں ہی بیٹھا رہتا ہے
سادہ اور رنگین
دو پیسے میں تین کھلونے دو پیسے میں تین