کاوس جی کی باتیں
طلعت حسین نے پرویز مشرف کے دورِ آمریت میں منعقد ہونے والے الیکشن سے متعلق ایک پروگرام "الیکشن آور" میں نام ور صحافی اور کالم نگار ، مرحوم ارد شیر کاوس جی کو مدعو کیا تها۔
گفتگو اور بات چیت کے دوران طلعت حسین نے کاوس جی سے پوچها:"ہم نے سنا ہے کہ میاں نواز شریف آپ کو گورنر سندھ بنانا چاہتے تهے۔ تو آخر آپ کیوں نہیں بنے؟"
اس پر کاوس جی نے اپنے مخصوص لہجے میں جواب دیا: "وه تو گدها تها ۔ہم کو بولتا تها گورنر بنو۔ہم کو کدھر یہ کام آتا ہے؟ ہم تو لکھنے والا آدمی ہے۔"
طلعت نے حیرت سے کہا:"آپ نواز شریف کو گدھا بول رہے ہیں؟"
کاوس جی:" تو اور ہم کیا بولے؟"
طلعت نے پوچھا: "کیا آپ نے اس وقت نواز شریف کو یہ بات کہی تهی؟"
کاوس جی جوش کے عالم میں کہنے لگے: "کیسا بات کرتا ہے؟ابھی وه پاور میں تھا ۔ہم اس کو کیسے گدھا بول سکتا تها؟ ابھی مشرف پاور میں ہے، کیا ہم اس کو گدھا بول سکتا ہے؟؟؟
بھائی طلعت ، تم بھی عجیب گدھا ہے۔"
۔۔۔
ارد شیر کاوس جی، پاکستان کے معروف قلم کار اور زرتشتی مذہب سے وابستہ سینیئر صحافی تھے۔ ان کے کالمز مستقل طور پر قومی انگریزی اخبار ، ڈان میں چھپتے رہے ، جبکہ ان کے اردو کالمز "خاص مضمون" کے عنوان سے شائع ہوا کرتے تھے۔ اردو زبان میں ان کی تحریر تو بہت عمدہ اور شُستہ تھی ، مگر اپنے گجراتی اور پارسی پس منظر کے باعث ان کی گفتگو اور بول چال کا انداز سب سے الگ تھا۔ ان کا 2012 میں انتقال ہوا۔