بریکنگ نیوز

تحیر خوف دہشت
بربریت اور انوکھے ظلم کو
مانوس لفظوں کی قبا پہنا کے
جب بھی میڈیا سے نشر کرتے ہیں
بریکنگ نیوز کہلاتی ہے
اور اس نیوز میں کوشش یہ کی جاتی ہے کہ
وحشت زدہ ماحول میں ویڈیو کوئی
ایسی بنا کر پیش کی جائے
کہ جس کو دیکھ کر ہم کو یقیں آئے
جہاں میں اب اندھیرے ہی اندھیرے ہیں
بہت نایاب اب روشن سویرے ہیں
کہیں جگنو نہیں ملتے
کہیں پر گل نہیں کھلتے
ہر اک سو چاک دامانی
کہیں بخیے نہیں سلتے
بریکنگ نیوز کی اک دوڑ جاری ہے
کہ پہلے کون سا چینل
دلوں میں درد بھرتا ہے
لہو کو سرد کرتا ہے
میں سب سے پوچھتی ہوں
میری دنیا میں کوئی ایسی خبر
جو آنکھ میں آنسو نہ بن پائے
جو دل کو خوف کے رستے نہ لے جائے
کسی انسان کی نیکی کسی بچے کی ایسی مسکراہٹ
جو فرشتوں جیسی لگتی ہے
دیار عشق کی تسخیر یا پھر وہ مسرت
جو بہت سے آنسوؤں کے بعد ملتی ہے
تقدس سے بھرا کردار
سچائی وفا ایمانداری صبر ہمدردی
بریکنگ نیوز آخر کیوں نہیں بنتی