بچوں کا گیت

لڑکپن کی خوشیوں کا اعجاز ہیں ہم
ٹھہرتے نہیں جوش پرواز ہیں ہم
کہ ماں باپ کے دل کی آواز ہیں ہم
ہمارا گلستاں ہماری بہاریں
ہمیں ہیں بزرگوں کو بہلانے والے
شرارت میں دلچسپیاں پانے والے
ستاروں سے لڑ لڑ کے سو جانے والے
ہماری بہاریں ہمارا گلستاں
کبھی جوش میں جھوم کر ہم جو گائیں
کبھی مست ہو کر جو دھومیں مچائیں
فرشتے نگاہوں میں جلوے دکھائیں
ہماری بہاریں ہمارا گلستاں
گھٹاؤں نے ہم کو مچلنا سکھایا
ہواؤں نے کروٹ بدلنا سکھایا
ستاروں نے بے خوف چلنا سکھایا
ہماری بہاریں ہمارا گلستاں
گل زندگی ہے نکھرتے رہیں گے
نکھرتے رہیں گے سنورتے رہیں گے
نئی منزلوں سے گزرتے رہیں گے
ہماری بہاریں ہمارا گلستاں