آخری گاڑی گزرنے کی صدا بھی آ گئی

آخری گاڑی گزرنے کی صدا بھی آ گئی
سو رہو بے خواب آنکھو! رات آدھی آ گئی


زندگی سے سیکھ لیں ہم نے بھی دنیا داریاں
رفتہ رفتہ تم میں بھی موقع پرستی آ گئی


سادہ لوحی دین جو قصبے کی تھی رخصت ہوئی
شہر آنا تھا کہ اس میں ہوشیاری آ گئی


ہم ملے تھے جانے کیا آفت زدہ روحیں لیے
گفتگو اوروں کی تھی آپس میں تلخی آ گئی


اپنے ہی گاؤں کی سرحد پر پہنچ کر آج ہم
پوچھتے ہیں ہم سفر! یہ کون بستی آ گئی


اب نہ ذوق رہ نوردی ہے نہ لطف ماندگی
ایسا لگتا ہے کہ منزل پر سواری آ گئی


ترک کیوں کرتے نہیں ہو کاروبار آرزو
خانقاہیؔ اب تو بالوں میں سفیدی آ گئی