نیلی جھیل(حماقتیں)سے اقتباس

لڑکو تم بڑے ہوگے تو تمھیں افسوس ہوگا، جوں جوں تمہارا تجربہ بڑھتاجائے گا، تمہارے خیالات میں پختگی آتی جائے گی اور یہ افسوس بھی بڑھتا جائے گا ۔یہ خواب پھیکے پڑتے جائیں گے ۔تب تم اپنے آپ کو فر یب نہ دے سکو گے۔۔

بڑے ہو کر تمہیں معلوم ہو گا کہ زندگی بڑی مشکل ہے ، جینے کے لیے مرتبے کی ضرورت ہے ، آسائش کی ضرورت ہے اور اس کے لیے روپے کی ضرورت ہے اور روپیہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ ہوتا ہے ، مقابلے میں جھوٹ بولنا پڑتا ہے ، دھوکا دینا پڑتا ہے ، غداری کرنی پڑتی ہے ، یہاں کوئی کسی کی پرواہ نہیں کرتا.

دنیا میں دوستی، محبت، انس، سب رشتے مطلب پر قائم ہیں۔محبت آمیز باتوں، مسکراہٹوں، مہربانیوں، شفقتوں ان سب کی تہ میں کوئی نہ کوئی غرض پوشیدہ ہے. یہاں تک کہ خدا کو بھی لوگ ضرورت پڑنے پر یاد کرتے ہیں اور جب خدا دعا قبول نہیں کرتا تو لوگ دہریے بن جاتے ہیں ، اس کے وجود سے منکر ہو جاتے ہیں ۔

دنیا کو تم کبھی خوش نہیں رکھ سکتے۔ اگر تم سادہ لوح ہوئے تو دنیا تم پر ہنسے گی، تمہارا مذاق اُڑائے گی۔ اگر عقل مند ہوئے تو حسد کرے گی۔ اگر الگ تھلگ رہے تو تمھیں چڑچڑا اور مکار گردانا جائے گا اور اگر ہر ایک سے گھل مل کر رہے تو تمھیں خوشامدی سمجھا جائے گا۔ اگر سوچ سمجھ کر دولت خرچ کی تو تمہیں پست خیال اور کنجوس کہیں گے اور اگر فراخ دل ہوئے تو بے وقوف اور فضول خرچ سمجھا جائے گا۔

عمر بھر تمھیں کوئی نہیں سمجھے گا، نہ سمجھنے کی کوشش کرے گا ، تم ہمیشہ تنہا رہوگے۔ حتی کہ ایک دن آئے گا اور چپکے سے اس دنیا سے رخصت ہو جاؤ گے…یہاں سے جاتے وقت تم متحیر ہوگے کہ یہ تماشا کیا تھا...؟

اس تماشے کی ضرورت کیا تھی…؟

یہ سب کچھ کس قدر بےمعنی اور بے سود تھا…؟