مولانا مودودیؒ کے لیے صدقہ جاریہ: ان سے فیض پانے والے بڑے لوگوں کے چند تاثرات

مولانا مودودیؒ کے لیے صدقہ جاریہ

مولانا مودودیؒ ایک عبقری و نابغۂ روزگار شخصیت تھے،  برصغیر سے باہرعرب دنیا میں اگر عجمی شخصیات نے اہل علم کے ہاں نمایاں مقام پایا ہے تو مولانا مودودیؒ ان میں نمایاں ترین شخصیت ہونگے۔ برصغیر میں جہاں دین بیزار اور الحاد و تشکیک میں مبتلاء مسلمانوں کو مولانا کی تحریروں اور کتب نے اسلام سے جوڑا وہاں کئی غیر مسلموں کے لیے ان کی تحریریں اسلام میں داخل ہونے  کے سبب  بھی بنی ہیں۔ کئی مثالیں ہیں لیکن یہاں ایک دو مثالیں پیش  کر رہا ہوں۔

ڈاکٹر اعظمی:

پہلی مثال اور نام مولانا ڈاکٹر محمد ضیاءالرحمٰن اعظمیؒ  کا ہے، مشہور ہندوستانی محدث اور مصنف جن کا گزشتہ سال مدینہ منورہ میں انتقال ہوگیا، کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر اعظمی  ’’بانکے رام‘‘ سے ’’محمد ضیاء الرحمٰن اعظمی‘‘ کیسے بنے؟ مختصراً بتاتا چلوں کہ اعظم گڑھ، انڈیا کے ایک متمول ہندو گھرانے میں جنم لینے والے ڈاکٹر اعظمی کی تربیت جہاں برہمن ہندو گھرانے میں ہوئی وہاں اس کے نزدیک صرف ہندو مذہب  برحق اور باقی مذاہب کو حق  ماننے کے لئے  وہ تیار ہی نہیں تھے۔ کتابوں سے دلی لگاؤ ہونے کی وجہ سے کالج کی لائبریری میں انہیں سید مودودی کی کتاب "دین حق" ملی جسے پڑھنے کے بعد  ان کے اندر ایک ایسی تبدیلی آنے لگی کہ انہوں نے کتابچہ کا بار بار مطالعہ کیا، اور یوں سید مودودیؒ کی یہ کتاب  انہیں بانکے رام سے محمد ضیاء الرحمٰن بنانے  کا سبب بنی۔ ڈاکٹر اعظمیؒ  مدینہ یونیورسٹی میں حدیث کے استاذ ،فیکلٹی کے ڈین  اور کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ رحمہ اللہ

ڈینش نو مسلم:

دوسری مثال ایک ڈینش مسلمان کی ہے، 2016 میں ایک ڈینش ’’نومسلم‘‘ سے اوسلو میں ملاقات ہوئی تھی۔ موصوف کرِسچن  مِشنری کیساتھ افریقہ گئے  ہوے تھے جہاں ان کے ہاتھ سید ابوالاعلی مودودیؒ کی مشہور کتاب ’’دینیات‘‘ لگ گئی۔

اسے پڑھنے کے بعد کیا ہوا۔۔؟

وہی ہوا جس کی گواہی کئی نومسلموں نے دی ہے، وہ بھی مسلمان ہوئے اوران کی زندگی بدل گئی۔ سنتِ رسولﷺ سے مزین چہرے کیساتھ  آج کل یورپ میں دین اسلام کی خدمت کررہے ہیں۔

کئی مثالیں اور لوگ ہیں جن کو نورہدایت ملنے کا ذریعہ سید مودودی کی کتابیں بنی ہیں، بلکہ ایک نو مسلم تو یہاں تک کہہ گئے(ایک بزرگ عالم دوست سے حج کے موقع پر)  کہ قیامت کے دن میں اللہ کے دربار میں یہی فریاد کروں گا کہ اس (دینیات) کتاب والے (سید مودودیؒ) کی مغفرت فرما، ان کی وجہ سے ہی مجھے اسلام کی روشنی ملی ہے۔

مولانا مودودی رحمہ اللہ کے لئے ایسے نو مسلم بہت بڑا صدقہ جاریہ ثابت ہوں  گے جو بلاواسطہ یا بالواسطہ ان کی کتب سے دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ہیں، ان شاء اللہ العزیز۔

رحمه الله رحمة واسعة وأسكنه فسيح جناته مع النبيين والصديقين والشهداء والصالحين وحسن أولئك رفيقا. آمين